بھارت کا سفارتکاروں کو ہراساں کرنا غیر مہذبانہ عمل ہے، آصف زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے بھارت میں پاکستان کے سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتکاروں کے بچوںکو ہراساںکرنا غیرمہذبانہ عمل ہے، ہم اس نازیبا سلوک کی مذمت کرتے ہیں، انھوں نے حکومت سے کہا کہ وہ بھارتی حکومت یابھارتی سفیر کے سامنے یہ معاملہ اٹھائے اور سفارتکاروں کی حفاظت یقینی بنائے۔

دوسری جانب آصف زرداری نے نواب شاہ میں بچی سے زیادتی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے، انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات ناقابل برداشت اور ناقابل معافی ہیں، اس لیے مجرم سزا سے بچ نہیں سکتے۔

سابق صدر نے متاثرہ بچی کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے یہ بھی کہا کہ بچی کا بہترین علاج کراکے اس کی زندگی بچائی جائے۔