بھارت سے برابری کی سطح پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، نوازشریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے گزشتہ روز یہاں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انھیں پاک بھارت تعلقات بالخصوص حالیہ پیشرفت پر بریفنگ دی۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مساوی خودمختاری، باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر اچھے تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔

آن لائن نے وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان مصدق ملک کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن تعلقات مشترکہ مفاد کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ خطے میں امن کے لئے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

ملاقات میں بھارتی وزیر دفاع کا حالیہ بیان بھی زیر بحث آیا جس پر وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ قیام امن کیلئے خطے کے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں امن کیلئے خواہاں ہے۔

پاک چین تھنک ٹینک برائے اقتصادی راہداری آر ڈی آئی کے وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ’’فولادی بھائی‘‘ ہیں جو خطے میں امن کے فروغ اور دونوں ملکوں کے عوام کے بہتر مستقل کے لیے مشترکہ ویژن کے ساتھ ہرشعبے میں قریبی تعاون کر رہے ہیں۔