بھارت سے برابری کی سطح پر تعلقات رکھیں، کامران اکمل

Kamran Akmal

Kamran Akmal

لاہور (جیوڈیسک) وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر کرکٹ تعلقات کا مشورہ دے دیا، انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی جانب سے دورے سے انکار پر پاکستان کو بھی ہر لیول پر اس کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیے۔

لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام جاری میڈیا کپ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بطور کرکٹر میری خواہش ہے کہ پاک بھارت سیریز ہونی چاہیے، اسی کے ساتھ سیالکوٹ سیکٹر پربھارتی جارحیت کی میں بھرپورمذمت کرتا ہوں، ملکی عوام اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جارحیت کا آغاز ہمیشہ بھارت کی جانب سے ہوتا ہے، ہم اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا چاہتے ہیں لیکن بھارت کو بھی اب سوچنا ہوگا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اگر بھارت اب بھی نہیں کھیلنا چاہتا تو پھر پاکستان کو بھی آئی سی سی ایونٹس سمیت دیگر مقابلوں میں اس کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دینا چاہیے۔

کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پی سی بی کا اچھا اقدام ہے اس سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کی کرکٹ کا معیار بھی بلند ہوگا، ایونٹ سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ مقامی کرکٹرز کو بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔