بھارت: قحط سالی میں شدت، چار ہزار گاؤں میں پانی کے ذخائر مکمل طور پر ختم

India Famine

India Famine

مہاراشٹرا (جیوڈیسک) بھارت میں قحط سالی شدت اختیار کرنے لگی ، ریاست مہاراشٹرا میں تقریباً چار ہزار گاؤں میں پانی کے ذخائر مکمل طور پر ختم ہو گئے، حکومت ٹینکروں کے ذریعے شہریوں کو پانی سپلائی کر رہی ہے۔

بھارت میں گذشتہ دو سال سے مون سون کی بارشیں نہ ہونے سے قحط سالی اپنا رنگ دکھانے لگی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں پانی کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں ۔ اب تک تقریباً چار ہزار گاؤں ایسے ہیں جہاں پانی کے ذخائر مکمل طور پر ختم ہو گئے ہیں۔

یہاں حکومت ٹینکروں کے ذریعے پینے کا پانی سپلائی کر رہی ہے ۔ ریاست کے بڑے 11 ڈیموں میں پانی بالکل ختم ہو گیا ہے جبکہ مرکزی ڈیم میں 2 فیصد پانی رہ گیا ہے۔

حکام کے مطابق مہاراشٹرا کے 34 میں سے 27 اضلاع قحط سالی کا سامنا کر رہے ہیں ۔ اس سے پہلے بھارتی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ ملک کے 256 اضلاع میں بسنے والے تقریباً 33 کروڑ لوگ رواں سال شدید ترین قحط سے متاثر ہوئے ہیں۔