بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر مسئلہ کشمیر ختم نہیں کرسکتا، مشیر خارجہ

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آواز دبا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے جب کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کرسکتا ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آواز دبا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے جب کہ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کرسکتا ہے۔

مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام دیرینہ مسائل جامع مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مصالحت کے لیے ہرممکن امداد فراہم کررہا ہے کیونکہ پاکستان اورخطے میں امن کے لیے پرامن افغانستان ضروری ہے۔

واضح رہےکہ بھارتی فوج کے ہاتھوں تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں احتجاجی لہر زور پکڑ گئی ہے جب کہ قابض فوج کی بربریت میں اب تک 25 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔