برصغیر کے لیجنڈری گلوکار مکیش کا آج 94 واں یوم پیدائش

Mukesh

Mukesh

ممبئی (جیوڈیسک) گلوکارمکیش نے اپنی سریلی آواز سے دو دہائیوں تک شائقین کو مسحورکئے رکھا۔ منفرد لب و لہجے کے مالک مکیش جب گاتے تو سننے والا ان کی آواز میں کھو جاتا۔ بالی وڈ کی کئی فلمیں ان کی آواز کی وجہ سے مشہور ہوئیں۔ مکیش کی آواز کا سحر ہی تھا کہ راج کپور کی فلموں کا جادو سر چڑھ کر بولا۔ فلم کبھی کبھی کا گانا پل دو پل کا شاعر زبان زدعام ہوا۔ شوخ گانا ہو یا درد ناک لہجہ مکیش کی آواز جذبات کی بہترین عکاس بنی۔

مکیش کو دنیا چھوڑے 4 دہائیاں بیت گئیں۔ ان کی آواز کی بکھری خوشبو آج بھی جا بجا سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑے ہوئے ہے۔ معروف گلوکار مکیش بائیس جولائی 1923ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے، ان کا پورا نام مکیش کمار ماتھور تھا۔ ایک جلسے میں فلم اداکار موتی لال نے ان کی آواز سنی اور انہیں ممبئی لے گئے جہاں انہوں نے فلم پہلی نظر میں مکیش سے گانا دل جلتا ہے تو جلنے دے ریکارڈ کروایا۔

پہلی نظر کے بعد مکیش کی آواز فلمی نگری میں چھا گئی، ان کی ہٹ فلموں میں جس دیش میں گنگا بہتی ہے، سنگم، ملن، پہچان، شور، روٹی کپڑا اور مکان اور کبھی کبھی جیسی فلمیں شامل ہیں۔

فلم تیسری قسم کے گانوں سجن رے جھوٹ مت بولو، خدا کے پاس جانا ہے زبان زد عام ہوا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں بارہ سو سے زائد گیت گائے جس پر انہیں فلم فیئر کے علاوہ کئی اہم انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔ مکیش نے اپنے ابتدائی دور میں ایسے رومانوی گیت گائے جنہوں نے انہیں بامِ عروج پر پہنچا دیا۔