بھارت میں وزیر کی کرپشن بے نقاب کرنیوالا صحافی زندہ جلادیا گیا

Indian Journalist

Indian Journalist

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں وزیر کی کرپشن کو بے نقاب کرنے والے صحافی کو زندہ جلادیا گیا۔

صحافی دو دن اسپتال میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا،عوامی دباؤ پر وزیر کو عہدے سے ہٹا کر قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اترپردیش کے صحافی جگیندرا سنگھ نے سچ بولنے کی سزا بھگتی،وہ کڑواسچ جو طاقت کے نشے میں چور وزیر کو نگلنا مشکل ہوگیا تھا،اس صحافی کی غلطی بس اتنی ہی تھی کہ اس نے بااثر وزیر رام مورتی ورما کی کرپشن کو سماجی ویب سائیٹ پر بے نقاب کردیا۔

اس کی زمینوں اور کانوں پر غیر قانونی قبضے کے کا کچہ چٹھہ کھول دیا،یہ بات وزیر کو نہ بھائی ، پہلے صحافی کو دھمکیاں دیںلیکن جب اس کے قلم کے زور کو نہ روک سکا تو اس کی زبان ہمیشہ کے لیے بند کردی، منسٹر کے حکم پر چند پولیس اہل کاروں نےدن کی روشنی میں سرعام اسے زندہ جلا دیا، یہ بیان خود بھارتی صحافی نے زخموں سے چور اور مرنے سے کچھ دیر قبل دیا۔

جگیندرا کی اس بے دردی سے ہلاکت پر صحافیوں اور سول سوسائٹی نے شدید احتجاج کیا ۔شدید دباؤ کے بعد سماج وادی پارٹی نے اپنے وزیر کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ صحافی کو جلانے والے اہل کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔بھارت میں دو سال سے زائد عرصے میں ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والے اناسی صحافیوں کو ہلاک کیا گیا۔