بھارت پاکستان کو میانمار سمجھنے کی غلطی ہر گز نہ کرے‘ ایم آر پی

Modi

Modi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کو دولخت کرکے بنگلادیش بنانے اور مکتی باہنی کے ذریعے بنگلادیش میں انسانی لہو بہانے میں بھارتی سازش و قوت کی موجودگی کے نریندر مودی کے اعترافی بیان کے بعد اب بھارتی وزیراطلاعات راجیہ وردھن سنگھ راٹھورکی جانب سے نریندر مودی کے حکم پربھارتی فوج کے برما میں داخل ہوکر مسلمانوں کیخلاف کاروائی و قتل عام کرنے کے اعتراف پر مبنی انٹرویو اس کاروائی کو پاکستان کیلئے پیغام قرار دیتے ہوئے ضرورت پڑنے پر پاکستان پر بھی حملے کے عندیئے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی اور سیکریٹری انفارمیشن عمران چنگیزی نے کہا

کہ بھارت کی مسلط کردہ تمام جنگوں ‘ سازشوں اور جارحیت کے باوجود پاکستان کی سلامتی اس بات کا ثبوت ہے کہ مشاق ‘ ماہر ‘ تربیت یافتہ ‘ پر عزم اور محب وطن افواج پاکستان کی طرح اس کے عوام بھی اس کے تحفظ کیلئے مرمٹنے اور مارنے ومٹادینے کا جذبہ رکھتے ہیں اور اگر 1971ءمیں بھارت اپنی سازشوں میں کامیاب ہوکر پاکستان کو دولخت کرنے اور بنگلہ دیش کو جنم دینے میں کامیاب ہوا تو اس کی وجہ سیاستدانوں کی ہوس اقتدار تھی ہوسکتا ہے

آج کے حکمرانوں اور سیاستدانوں میں بھی پہلے جیسے ناعاقبت اندیش سیاستدانوں و حکمرانوں جیسے جراثیم موجود ہوں مگر افواج پاکستان اور عوام پاکستان ان جرثوموں سے مکمل محفوظ ہیں اسلئے بھارت پاکستان کو میانمار سمجھنے کی غلطی نہ کرے بصورت دیگر اس کے اتنے ٹکڑے ہوسکتے ہیں کہ نقشہ سازوں کو نئے نقشے ترتیب دینے میں سالوں لگ جائیں۔