حملے کا خطرہ، آج سمجھوتہ ایکسپریس بھارت نہ بھیجی جائے، بھارتی ریلوے

Samjhauta Express

Samjhauta Express

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریلوے نے پاکستان ریلوے سے درخواست کی ہے کہ آج سمجھوتہ ایکسپریس کو بھارت نہ بھیجاجائے ، اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بھارت میں کسانوں کا احتجاج چل رہا ہے اور ڈر ہے کہ مشتعل مظاہرین کہیں ٹرین کو آگ نہ لگادیں ٹرین پر حملے کا خطرہ ہے۔ بھارتی ریلوے نے ہاٹ لائن پر پاکستان ریلوے سے درخواست کردی کہ مظاہرین کہیں آگ نہ لگادیں، اس لیے آج سمجھوتہ ایکسپریس کو بھارت نہ بھیجیں۔

پاکستان ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے حکام کی درخواست موصول ہوئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں کسانوں کا مظاہرہ چل رہا ہے اور مظاہرین ریلوے لائن کے قریب موجود ہیں ، ایسا نہ ہو کہ پاکستان سے آنے والی ٹرین پر مشتعل مظاہرین حملہ کردیں ، اس لیے احتیاط آج سمجھوتہ ایکسپریس کو پاکستان سے بھارت روانہ نہ کیاجائے۔

بھارتی درخواست ملنے پر لاہوراسٹیشن سے روانہ ہونے کی والی سمجھوتہ ایکسپریس کو واہگہ بارڈر پر کے اسٹیشن پر روک لیا گیا ، اور ٹرین اس وقت اپنے دو سو پندرہ مسافروں کے ساتھ اسٹیشن پر کھڑی ہے۔

سمجھوتہ ایکسپریس سے عموما دو سو سے تین سو مسافر بھارت جاتے ہیں اور اتنے ہی مسافر پاکستان بھی آتے ہیں ، لیکن سکھوں کے تہواروں کے دنوں میں یہی ٹرین ہزاروں سکھ یاتریوں کو پاکستان لاتی اور یہاں سے بھارت لے جاتی ہیں۔