بھارت کو دوٹوک الفاظ میں شٹ اپ کال دینی ہوگی ‘ سولنگی اتحاد

Pathankot Attack

Pathankot Attack

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر وبزرگ رہنما امیر سولنگی اور سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی و دیگرنے کہا ہے کہ بھارت ہماری سرزمین پر ”را“ کے ذریعے کرائی گئی اپنی دہشت گردانہ وارداتوں کے ثبوت سامنے آنے اور اس حوالے سے اپنے جاسوس کے اقبالی بیان کے باوجود کسی قسم کے معذرت خواہانہ رویے پر آمادہ نہیں اور الٹا پٹھانکوٹ حملے کا سارا ملبہ بھی ہم پر ڈال کر پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو آزادانہ ماحول میں تحقیقات کا موقع فراہم کرنے سے بھی منکر ہوچکا ہے مگر ہمارے حکمران ان سارے معاملات کے باوجود آج بھی اس مکار دشمن کیلئے ریشہ خطمی بنے نظر آتے ہیں اور اسکی گھناﺅنی سازشوں کے ٹھوس ثبوت پاکر بھی منہ میں گھنگنیاں ڈالے بیٹھے ہیں۔

اگر پاکستان کے سفاک مجرم کل بھوشن یادیو کو اسکے اعتراف کردہ جرائم پر کیفر کردار کو نہ پہنچایا گیا تو یہ محض ہماری ہزیمت کی ایک نئی داستان ہی نہیں ہوگی بلکہ اس سے ملک کی سلامتی کیخلاف دشمن کے سازشی منصوبے کی تکمیل کا عندیہ بھی ملے گا۔

چنانچہ آج بھارت کو دوٹوک الفاظ میں شٹ اپ کال دینے کی ضرورت ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف اپنے سازشی منصوبے کی بساط لپیٹ لے بصورت دیگر اس کیلئے اپنی سلامتی کا تحفظ بھی مشکل ہو جائیگا۔