بھارت کے ساتھ تمام معاملات میں سمجھوتہ اور معاہدہ ہو گیا: سرتاج عزیز

Sartaj Aziz  met Sushma Swaraj

Sartaj Aziz met Sushma Swaraj

پوکھارا (جیوڈیسک) نیپال کے شہر پوکھارا میں جاری سارک کانفرنس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بھارت مذاکرات کی بحالی سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کو سارک سربراہ کانفرنس کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ ملاقات کے بعد سشما سوراج کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ان کی بھارتی رہنما سے ملاقات انتہائی مفید اور خوشگوار موڈ میں ہوئی۔

ملاقات کا بنیادی مقصد سارک کانفرنس کا دعوت نامہ دینا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد پاک بھارت بات چیت میں رکاوٹ آئی تھی جسے آج دور کر لیا گیا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام معاملات میں سمجھوتہ اور معاہدہ ہو گیا ہے۔ جن ایشوز پر اختلاف تھا وہ اس ملاقات میں طے کر لیے گئے ہیں۔

سرتاج عزیز نے پاک بھارت وزرائے اعظم کی امریکا میں ملاقات کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان 31 مارچ کو ملاقات متوقع ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بتایا کہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستانی ٹیم 27 مارچ کی رات کو بھارت پہنچے گی اور 28 مارچ سے اپنی تحقیقات شروع کر دے گی۔