بھارتی جنگی تیاریاں پاکستان کیلئے جارحانہ پیغام ہے۔ سولنگی اتحاد

Pakistan and India

Pakistan and India

کراچی : پاکستان سولنگی اتحاد کے بزرگ و سینئر رہنما امیر سولنگی’ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت تو اب پوری دنیا پر منکشف ہو چکی ہے کہ قیام پاکستان کے بعد کشمیر کا تنازعہ خود بھارت نے پاکستان کی سالمیت کمزور کرنے کی نیت سے پیدا کیا تھا جس کے حل کیلئے یو این سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں پر عملدرآمد کے بجائے بھارت نے وادی کشمیر میں اپنی سات لاکھ افواج داخل کرکے اس پر اپنا تسلط جمایا۔

پھر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کیلئے ظلم و جبر کی انتہاء کردی مگر کشمیری عوام نے بھارتی فوجوں کی مزاحمت کرکے اور اپنے لاکھوں پیاروں کی جانوں کی قربانیاں دے کر جدوجہد آزادی میں اپنی استقامت کو بھی مثالی بنا دیا ہے مگر پاکستان کی شہہ رگ پر اپنا خونیں پنجہ جمائے رکھنا ہی بھارتی پالیسی کا حصہ ہے جس میں کوئی بھی بھارتی حکومت پیچھے نہیں رہی۔

موجودہ بھارتی جنگی تیاریاں جن میں فرانس کے ساتھ دفاعی ایٹمی تعاون کے معاہدے کرکے مزید اضافہ کیا گیا ہے’ صرف پاکستان کی سالمیت کمزور کرنے کی نیت سے کی جارہی ہیں اس لئے ”مشتری ہشیار باش”۔ ہم بھارتی جارحانہ عزائم کا فوری اور مؤثر توڑ کرکے ہی اپنی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بناسکتے ہیں۔ ہمیں اب اپنے دفاع اور کشمیر پر اپنے دیرینہ’ اصولی موقف میں کسی کمزوری کا تاثر ہرگز پیدا نہیں ہونے دینا چاہیے۔