فضائی حادثات کے باعث بھارتی فضائیہ کی طاقت کم ہو گئی

Air Crashes

Air Crashes

اسلام آباد (جیوڈیسک) ہر 37 دن بعد ایک بھارتی لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو رہا ہے جس کے باعث بھارتی فضائیہ کی طاقت 42 سکوارڈن سے کم ہو کر 35 سکواڈرن رہ گئی ہے۔

چین کے لڑاکا طیارے بھارت سے 3 گنا زیادہ ہیں۔ بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی فوج میں حادثات کی بڑھتی شرح پریشانی کا موجب بن رہی ہے۔ الہ آباد کے قریب جیگوار تربیتی طیارے کے حادثے کے ساتھ رواں برس جنگی طیاروں کے حادثات کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق زائد المعیاد بیڑے اور سکواڈرن کی طاقت میں کمی ساتھ ساتھ فضائی حادثے بھارتی فضائیہ کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان ونگ کمانڈر ایس ایس بریدی کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ اوسطاً ہر 37 دن بعد 1طیارے کو حادثے میں کھو رہی ہے۔

گزشتہ 60 ماہ میں 50 بھارتی لڑاکا طیارے فضائی حادثوں میں تباہ ہوئے۔ ایک طیارے کی قیمت لاکھوں ڈالرز میں ہے اور خاص کر سکھوئی کی تباہی نے 200 مضبوط بیڑے کی تیاری پر سوال اٹھایا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں ان طیاروں کی تباہی کی وجہ تکنیکی اور انسانی غلطی قرار دیا گیا ہے۔