بھارتی مظالم کشمیر کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، جماعت اسلامی

M. Yousuf Speech

M. Yousuf Speech

کراچی : مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت، ظلم و ستم کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت ضلع بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

یہ مظاہرے مسجد عثمان، سیکٹر 11-Aنارتھ کراچی، مسجد باب الجنت، فیڈرل بی ایریا بلاک5گلبرگ، رضوان مسجد، اوکھائی مسجد، حسین آباد، نعمان مسجد دستگیر، ناظم آباد، جامع مسجد الاخوان، سیکٹر 11-Gنیو کراچی، ڈاکخانہ چورنگی لیاقت آباد اور فاروق اعظم مسجد، بلاک K نارتھ ناظم آباد میں کئے گئے جس سے نائب قیم جماعت اسلامی حلقہ کراچی انجینئر محمد صابر، جنرل سیکریٹری ضلع وسطی محمد یوسف، شفیق الرحمن عثمان، محمد احمد قاری، محمود حامد، عبید احمد لمباڑہ و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرہ کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیریوں کا قتل عام بند کرو”، ”بھارت کا ایک علاج، الجہاد الجہاد”، ”کشمیر پر بھارت کا ظالمانہ اور غاصبانہ قبضہ، نامنظور نامنظور” کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے اور منصوبے کے تحت نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، پاکستانی حکمران بھارت سے محبت اور دوستی کے لئے کشمیری شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں، برہان وانی کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی زندگی ملی ہے، بھارتی مظالم کشمیر کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان کی تکمیل ہی نہیں زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

نواز شریف مودی سے پینگیں بڑھانے کے بجائے ان سے کشمیریوں کے حق ارادی کی بات کریں۔ بھارت سے تجارت اور مذاکرات کشمیر میںرائے شماری سے مشروط کئے جائیں ۔اقوام متحدہ اپنا دوہرا معیار ختم کرے اور خود اپنی منظور کی گئی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر ی عوام کو ان کا حق خود ارادی دلائے۔ کشمیر کے مسئلے کو حل کر نا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے ہی کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ مقررین نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر دو ملکوں کا سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر کی رائے شماری کا مسئلہ آج بھی موجود ہے۔ امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ نے دوہرا معیار اپنایا ہوا ہے اور وہ مسلم دشمنی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ امریکہ اور اقوام متحدہ مشرقی تیمور کے لئے فوراً حرکت میں آ جاتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر پر خاموش رہتے ہیں۔ بھارت سے تجارت بسیں چلا کر، آلو پیاز فروخت کرکے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا بلکہ بھارت کو مجبور کرنا ہوگا کہ وہ مسئلہ حل کرے۔ بھارت کے اندر 7لاکھ سے زائد افواج کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے لیکن ان کے عزم اور حوصلے کو سرد نہیں کرسکے۔ کشمیری آج بھی 14اگست کو یوم پاکستان اور 15اگست کو یوم سیاہ مناتے ہیں۔

کشمیر یوں نے نصف صدی کی جدوجہد سے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر پاکستان بن کر رہے گا، مقررین نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل آبی جارحیت کر رہا ہے، ہمارے سارے دریا کشمیر سے آتے ہیں۔ بھارت نے دریائوں پر ڈیم بنا کر پانی روک رکھا ہے اور جب اس کی ضرورت پوری ہو جاتی ہے تو پانی چھوڑ دیتا ہے اور ہمارا ملک سیلاب میں ڈوب جاتا ہے۔ بھارت کو اس کی آبی جارحیت سے باز رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو تقویت ملے اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے تا کہ پاکستان مضبوط ہو۔ بدقسمتی سے ہماری حکومتوں نے بھی کشمیر کو آزاد کرانے کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ موجودہ حکومت نے بھی بھارت کو خوش کر نے کے لئے کشمیر کے مسئلے سمیت قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نعمت اللہ خان کا طاہرہ انصاری کے انتقال پر دکھ کا اظہار
کراچی 16 جولاجی : سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے دفتر زون نارتھ ناظم آباد کی رہائشی طاہرہ انصاری کے انتقال پر گہر ے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند فرمائیں، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے#