7 بھارتی سفارتخانوں کی ویب سائٹس ہیک؛ پاک فوج کے حق میں نعرے درج

Hackers

Hackers

اسلام آباد / نئی دہلی (جیوڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کرنے والے ہیکرز نے مختلف ممالک میں واقع سات بھارتی سفارتخانوں، ہائی کمیشنز اور قونصل خانوں کی ویب سائٹس کو ہیک کر کے وہاں پاک فوج کی حمایت میں نعرے لکھ ڈالے۔

میڈیا کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں ہیکرز نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے انقرہ (ترکی )، ایتھنز (یونان)، میکسیکو سٹی (میکسیکو ) میں قائم ہندوستانی قونصلخانے کی ویب سائٹ کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ ہیکرز نے ساؤپولو (برازیل)، بخارسٹ (رومانیہ)، دوشنبے (تاجکستان) اور پیریٹوریا (جنوبی افریقہ) میں قائم سفارتخانوں کی ویب سائٹ کو بھی ہیک کیا اور خود کو رومانوی اور دخل انداز کے نام سے ظاہر کیا۔

ان سفارتخانوں کی ویب سائٹ پر دیئے گئے پیغام میں ہیکرز نے ’پاک فوج زندہ باد‘ کا نعرہ لکھا۔ ہیکرز نے انقرہ، ایتھینز اور دوشبنے کی ویب سائٹ پر وی راک یو شاک خوفزدہ مت ہو پاکستان زندہ باد اور پاکستان کی طاقت کو محسوس کرو جیسے نعرے لکھے۔

ادھر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے ٹویٹر پر بتایا کہ انقرہ، دوشنبے کے سفارتخانوں کی ویب سائٹس بحال کر لی گئی ہیں جبکہ باقی پانچ ویب سائٹس پر کام جاری ہے اور جلد بحال کر لیا جائے گا۔