بھارتی وزیر خارجہ کی کورنش بجا لانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا : ایم آر پی

Pakistan and India

Pakistan and India

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی پاکستان آمد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ان کا پر تپاک استقبال اور میڈیا کی رطب اللسانی کے ساتھ ان کے دورہ پاکستان سے وابستہ خوش گمانیوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعلقات کی خوشگواریت کے ساتھ پاکستان و بھارت کے عوام کے مفاد میں تمام ممالک کے سربراہان اور وزراء کا استقبال و تعظیم یقینا سفارتی و اخلاقی آداب کا حصہ ہے۔

اس میں قومی وقار کا ملحوظ رکھا جانا بھی لازم ہے‘جتنی عزت ‘ تعظیم ‘ تکریم اور پروٹوکول بھارتی وزیر خارجہ کو ہماری حکومت و میڈیا کی جانب سے دیا گیا اتنا تو بھارت یا کسی اور ملک میں ہمارے سربراہ مملکت یا وزیراعظم کو بھی نہیں دیا جاتا اسلئے خوش گمانیوں کے ساتھ بھارتی وزیر خارجہ کے سامنے کورنش بجا لانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ خطے سے بھارتی اجارہ داری ‘ عسکری جارحیت ‘ سیاسی سازشو ں اور دہشتگردی کے فروغ و سرپرستی کے خاتمے کیلئے سشما سوراج کو دی جانے والی عزت پڑوسی مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کو دیکر بھارت کیخلاف منظم لابنگ کے ذریعے مسلم ومہذب دنیا کو متحدہ یکجا کیا جائے تو اس کے اثرات زیادہ دور رس ‘ دیرپا ‘ نتیجہ انگیزاور خطے کے پر امن مستقبل کیلئے زیادہ بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔