بھارتی یوم آزادی پر کشمیریوں کا یوم سیاہ، حریت رہنماؤں کا مکمل ہڑتال کا اعلان

Indian Forces

Indian Forces

سری نگر (جیوڈیسک) بھارت کے یوم آزادی پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، مقبوضہ وادی میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے یوم آزادی پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے احتجاجی ریلیاں نکالیں گے۔

مقبوضہ وادی میں سید علی گیلانی، میر واعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پرمشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر مکمل ہڑتال ہے جبکہ غاصب فورسز نے احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بیسیوں افراد کی پکڑ دھکڑ کی، متعدد علاقے محاصرے میں لے لئے اور جگہ جگہ چھاپے مارے گئے۔

حریت رہنما یاسین ملک کو سرینگر سے حراست میں لیکر پولیس سٹیشن بند کر دیا، یاسین ملک شہید ہونیوالے حریت کمانڈر محمد یاسین ایتوکی نمازجنازہ میں شرکت کیلئے نو گام جا رہے تھے کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

علاوہ ازیں بھارتی فوج کیساتھ جھڑپ میں شہید ہونیوالے حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر محمد یاسین ایتو المعروف محمود غزنوی کی نمازجنازہ میں ایک لاکھ کے قریب افراد نے شرکت کی، اس موقع پر آزادی اور پاکستان کے حق میں جبکہ بھارت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔

واضح رہے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیرکے کئی اضلاع میں ہزاروں افراد نے پاکستان کا یوم آزادی بڑے جوش وخروش سے منایا، لوگوں نے اپنی جان پرکھیل کر جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم لہرائے۔ آزادی کے متوالے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان و آزادی کے حق میں جبکہ بھارت کیخلاف زوردار نعرے لگائے، مختلف تقریبات میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھاگیا جبکہ پاکستان کی سلامتی و بقا اور مقبوضہ کشمیرکی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔