بھارتی روپیہ بھی دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

Indian Rupees

Indian Rupees

ممبئی (جیوڈیسک) بھارت، چین، جاپان، ہانگ کانگ سمیت ایشیا کی سب بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی نظر آئی۔ منفی اثر عالمی مارکیٹوں تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ہفتے کے آغاز پر آج چین کی اسٹارک مارکیٹ میں ایک بار پھر مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے محض پانچ منٹ کے اندر ہی حصص کی قیمتوں میں سات فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

ممبئی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد سینیکس میں 1000 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ۔بھارتی روپیہ بھی دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا، اور ڈالر کے مقابلے میں 66.48کا ہو گیا۔

بینچ مارک شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس سات فیصد اور شین زین کمپوزٹ انڈیکس میں بھی سات فیصد کمی ہوئی ۔ہانگ کانگ بینچ مارک انڈیکس ہینگ سینگ انڈیکس میں مارکیٹ کے آغاز پر ہی چار فیصد تک کمی دیکھی گئی۔

جاپان کے اسٹاک انڈیکس نکئی میں بھی تین اعشاریہ صفر نو فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جاپان کی اسٹاک مارکیٹ نکئی مسلسل چوتھے روز ساڑھے تین ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔

اس کے برعکس اِسی برس کے آغاز میں چینی اسٹاک مارکیٹیں ایشیا میں بہترین کاروبار کرنے والے بازاروں میں شامل تھیں۔