کسی بھارتی فوجی نے ایل او سی پار نہیں کی، بھارتی میڈیا کے دعوے خود فریبی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر

Maj Gen Asif Ghafoor

Maj Gen Asif Ghafoor

راولپنڈی (جیوڈیسک) کلبھوشن کی دہشتگردی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہوئی، مودی سرکار بوکھلا گئی۔ پاکستان نے کنٹرول لائن عبور کرنے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں بھارت نے اپنی عوام کو مطمئن کرنے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے بعد بھارت کی جانب سے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، کسی بھارتی فوجی نے کنٹرول لائن عبور نہیں کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کا دعویٰ شکست خوردہ پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل بھارت نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 4 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا جس کے جواب میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں نے ایل او سی عبور کرکے ایک پوسٹ پر حملہ کیا اور اسے تباہ کر دیا اور 3 پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔

تاہم پاکستان نے واضح کیا تھا کہ بھارت یکسر جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے، کسی بھارتی فوجی کے ایل او سی پار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارت کی جانب سے ایل او سی کے پار سے بلااشتعال فائرنگ کرکے 3 پاکستانی جوانوں کو شہید کیا گیا ہے۔