بھارتی ریاست گجرات میں دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاعات پر ہائی الرٹ کر دیا گیا

Gujarat Scurity Alert

Gujarat Scurity Alert

گجرات (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں دس دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی امورلیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصرجنجوعہ نے اپنے بھارتی ہم منصت اجیت دوول کو اطلاع دی ہے کہ گجرات میں 10 دہشت گرد داخل ہوئے ہیں۔ جو ہندوؤں کے مذہبی تہوار شیو راتری کے موقع پر کارروائی کرسکتے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے دی گئی اطلاعات کے بعد گجرات میں تمام سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، مذہبی و عوامی مقامات اور حساس تنصیبات پر سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

گجرات میں محکمہ پولیس کے سربراہ پی سی ٹھاکر کی جانب سے ریاست بھر کے پولیس اسٹیشنز کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں جب کہ پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں فوری طور پر متعلقہ تھانوں میں فرائض سنبھالنے کا حکم ملا ہے۔ اس کے علاوہ فوج کو بھی تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔