بھارتی ریاست اڑیسہ میں جادو ٹونے کے شبے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد قتل

India

India

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اڑیسہ میں دیہاتیوں نے جادو ٹونے کے شبے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو قتل کر دیا۔

بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع کیوجھر کے ایک گاؤں میں دیہاتیوں نے وہاں آباد ایک خاندان کے 6 افراد کو جادو ٹونا کرنے کے شبے میں شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ہلاک کردیا جب کہ 2 کو انتہائی زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک کئے گئے افراد کو گردنیں تیز دھار آلے سے کاٹی گئی ہیں۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کے بیان کی بنیاد پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی تلاش ابھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے قبائلی علاقوں میں خصوصاً خواتین کو ڈائن یا جادوگرنی قرار دینا عام ہے۔ صرف ریاست اڑیسہ میں گزشتہ 5 برسوں کے دوران 274 افراد کو جادوگر قرار دے کر قتل کیا جاچکا ہے۔