کسی فرد یا ادارے کو اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 88 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی جوڑ توڑ کے لیے پیپلز پارٹی پر کرپشن کے الزامات لگائے جا رہے ہیں جس کی سخت مزاحمت کی جائے گی۔

من پسند احتساب، مقدس گائے کا نظریہ، دوہرا معیار اور سیاسی جوڑ توڑ کے لئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے۔ سابق صدر نے مطالبہ کیا کہ ان کا احتساب بھی ہونا چاہیے جنھوں نے نان سٹیٹ ایکٹرز کے ذریعہ ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا۔

پی سی او کے تحت حلف اٹھانے اور ڈکٹیرز کی توثیق کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کسی فرد یا ادارے اور مذہب کے نام پر انتہاء پسندوں کو زبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عدلیہ ملکی قوانین پر آئین ہی کے تناظر میں نظر ثانی کر سکتی ہے تاہم اسے قانون سازی کا اختیار نہیں ہے۔

آئین کے مطابق قانون سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔ آئین کی حفاظت کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں۔