صنعتی ترقی سے ملک کا نام روشن ہوگا، وفاقی وزیر تجارت

Khurram Dastgir

Khurram Dastgir

گجرات (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ صنعتی برادری اس ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، انہی کی بدولت ملک ترقی کی منازل طے کرتا ہے، صنعتیں جتنی ترقی کریں گی اتنا ہی ملک و قوم کا نام روشن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں صنعتی برادری کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کے زور پر اقتدار میں آنے والی مسلم لیگ (ن) کے راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں مگر انشاء اللہ ان تمام بحرانوں سے سرخرو ہو کر نکلیں گے کیونکہ عوام کی طاقت ان کے ساتھ ہے۔ دھرنا دینے والوں کو اپنے انجام کی فکر کرنی چاہیے وہ ملک و قوم سے مخلص نہیں، وہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے معیشت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر اب بھی اور آئندہ بھی عوام ان کا کڑے سے کڑا احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی، سیلاب، دہشت گردی جیسے بحرانوں سے عوام کے تعاون اور دعاؤں سے نبٹا جارہا ہے۔ مخالفین جو چاہے کر لیں ان کی حرکتوں سے ترقی کا عمل رکنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر نئے منصوبے پر بلا جواز تنقید کرنا ان کی عادت بن چکی ہے، عوام ان کے دہرے کردار اور چہروں سے واقف ہو چکے ہیں۔ گجرات کی صنعتی برادری اپنے مسائل سے آگاہ کرے جسے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا کیونکہ یہی ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔