مہنگائی کا وار، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

Petroleum Products

Petroleum Products

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 36 پیسے فی لٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 39 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی لٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 77 روپے 47 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 85 روپے 95 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کا تیل 57 روپے 58 پیسے فی لٹر کے حساب سے فروخت ہو گا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 52 روپے 12 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے عوام پر ایک مرتبہ پھر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں کر لی تھیں۔ آئل اینڈ گیس رییگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرول مہنگا کرنے کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوائی تھی۔ سمری میں پٹرول ایک روپیہ 48 پیسے فی لٹرمہنگا کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ مٹی کا تیل 15 روپے 35 پیسے فی لٹر بڑھانے، لائٹ ڈیزل 13 روپے 15 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 1 روپے 20 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔ اکتوبر 2017ء میں پٹرول کی قیمت میں دو اعشاریہ 49 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ اعشاریہ 19، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں پانچ اعشاریہ 19 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔