انجری کے باعث محمد حفیظ کا دورہ انگلینڈ سے باہر ہونے کا خدشہ

Hafeez

Hafeez

لاہور (جیوڈیسک) فٹنس کی بحالی کے لئے محمد حفیظ کا انتظار طویل ہوگیا اور اب ان کے تازہ ایم آر آئی اسکین میں بھی گھٹنے کی صورتحال تسلی بخش نہیں پائی گئی جس کے بعد آل راؤنڈر کا دورہ انگلینڈ مشکوک ہوگیا ہے۔

محمد حفیظ رواں سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران مزید مشکلات کا شکار ہونے کے بعد وہ میدان سے باہر بیٹھنے پر مجبور ہوگئے، بعد ازاں بحالی کا عمل سست ہونے کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ دیا نہ ہی کاکول اکیڈمی میں دیگر کرکٹرز کو جوائن کرسکے۔

مسائل کے باجود انھیں دورہ انگلینڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا تھا، چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بدھ کو اسکلز کیمپ کے لئے 21 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تو محمد حفیظ کو شامل کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ان کا نیا ایم آر آئی اسکین ہوا ہے، ڈاکٹرز کی رائے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تازہ میڈیکل رپورٹ میں اوپنر کے گھٹنے کی صورتحال تسلی بخش نہیں پائی گئی اور انہیں مزید ایک ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی حفیظ کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لئے اگلے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار کرے گی، یوں وہ 30 جون سے شروع ہونے والے اسکلز کیمپ میں شرکت نہیں کرسکیں گے، مشکوک صورتحال کے پیش نظر لاہورمیں دوران ٹریننگ محمد حفیظ کے متبادل اوپنرز پر بھی غورکیا جائے گا، دورہ انگلینڈ کے لئے شارٹ لسٹ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں خرم منظور، شان مسعود اور سمیع اسلم اوپنرز ہیں، مڈل آرڈر بیٹسمینوں میں شامل کیے جانے والے اظہرعلی کو اننگز کا آغاز کرنے کے لئے بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔