معصوم عوام کو نشانہ بنانے والے بزدل ترین دہشتگرد اب سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کر رہے ہیں

Military Police Attack

Military Police Attack

فیصل آباد:انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن) کے صدر رانا تجمل وحید’ جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہرہ ودیگر عہدیداران محمد اشرف چوہدری’ میاں ریاض جاوید’ چوہدری عبدالغفور’ میاں سہیل رفیع’ حاجی ظہیر الدین’ چوہدری اقبال وزیر اور حاجی اعجاز حسن نے کراچی میں ملٹری پولیس کی گاڑی پر حملے کو کھلی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم عوام کو نشانہ بنانے والے بزدل ترین دہشتگرد اب سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کر رہے ہیں۔

مگر وہ یاد رکھیں۔ اب اس ملک میں ان کے دن بہت تھوڑے ہیں، جب ان کے گرد گھیرا تنگ ہوا تو انہوں نے پیچھے سے وار کرنا شروع کر دیا ہے۔ تاہم پہلے فوج اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہوتی تھیں مگر اب قوم بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی ہے اور اب ان بزدل دہشتگردوں کی کمر توڑنے کیلئے سب متحد ہو گئے ہیں اس معاملے پر کوئی سیاسی گروہی یامذہبی تمیز نہیں ہے۔۔

انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے آرمی پبلک سکول پر حملہ کر کے بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں چلا کر اور صرف تین ماہ کی قلیل مدت میں انہیں نشان عبرت بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے اقدامات کے باعث قوم کا عسکری اداروں پر اعتماد بحال ہو گیا ہے۔ اگر فوج اور سیاسی قیادت اس طرح متحد رہی تو وہ وقت دور نہیں۔

جب وطن عزیز امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ دہشتگرد جن کا کوئی دین ہوتا ہے نہ ایمان ان کو جتنی جلدی ممکن ہو انکے انجام تک پہنچا دینا چاہیے۔ تاجر رہنمائوں نے مزید کہا کہ شمالی علاقہ جات سے بھاگ کر شہروں میں داخل ہونے والے یہ دہشتگرد گھنائونی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد گہری نظر رکھیں اور جو بھی مشکوک شخص یا مشکوک چیز نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ پولیس کو اطلاع دیکر محب وطن ہونے کا ثبوت دیں۔