ہار جانے کا حوصلہ رکھا

Depressed Life

Depressed Life

ہار جانے کا حوصلہ رکھا
سب اندھیروں کو زیرِ پا رکھا
جب ہتھیلی پہ اِک دیا رکھا
کوئی بھی اختلاف جیون میں
تجھ سے رکھا تو برملا رکھا
ہم نے تجھ سے وصال و فرقت کا
ہر تعلق ہی کچھ جدا رکھا
زندگی کی اداس راہوں میں
کوئی ہمدم نہ آشنا رکھا
پاس رہ کر بھی دوریوں کا سماں
تونے کیسا یہ سلسلہ رکھا
ہم نے تیری انا کی خاطر ہی
عمر بھر خود کو زیرِ پا رکھا
اِس محبت کے کھیل میں زریں
ہار جانے کا حوصلہ رکھا

زریں منور