پیرمحل کی خبریں 04/11/2015

Pir Mehal News

Pir Mehal News

پیرمحل ( نامہ نگار ) چارکس کارسوار جواں سال دوشیزہ کو حرام کاری کی نیت سے نقدی طلائی زیورات سمیت اغوا کرکے لے گئے مقدمہ درج تفصیل کے مطابق مدینہ بلاک پیرمحل کے رہائشی حسین الدین ولد سلام الدین قوم پٹھان کی بیٹی راشدہ پر وین بعمر 17/18کو ملزمان آصف ولد خالق قوم موچی سکنہ محلہ غوثیہ آباد پیرمحل ، خالق ولد حاجی محمد سکنہ محلہ غوثیہ آباد پیرمحل شمیم زوجہ خالق قوم موچی سکنہ محلہ غوثیہ آباد پیرمحل ایک کس نام سفید رنگ کی کار میں نقدی 50 ہزار روپے اور تقریبا 4تولے طلائی زیور مالیت دو لاکھ روپے سمیت حرام کاری کی نیت سے اغواکرکے لے گئے تھانہ پیرمحل پولیس نے ملزمان کے خلاف زیردفعہ 365 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( نامہ نگار ) انتخابات کے پرامن اور بہتر انعقاد کے لیے تمام قوانین قواعد وضوابط اور الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام احکامات وہدایات پر سختی سے پابند ی کروائیں گے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب امیدوار کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیاجائے گا ان خیالات کا اظہار تحصیل ریٹرننگ آفیسر حافظ محمدنجیب اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی پیرمحل کے 18وارڈ ہائے کے 112امیدواروں کوبلدیاتی الیکشن 2015 کے دوسرے مرحلے منعقدہ19نومبر کے سلسلہ میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1پیرمحل میں خطاب کے دوران کیا انہوںنے کہا کسی بھی امیدوار ، سیاسی جماعت کی طرف سے اپنے کارکنوں حمائتیوں اور کو کسی بیلٹ پیپر کو خراب کرنے یا بیلٹ پیپر پر سرکاری نشان مٹانے مقرر کردہ سائز سے بڑے پوسٹر یا بینر لگوانے کی اجازت نہ ہے انتخابی مہم کے دوران یا پولنگ والے دن تشددکی ترغیب دینے تشدد پر اکسانے والے امیدواروں کے خلاف انضباطی کاروائی کی جائے گی انہوںنے کہا کہ پولنگ کے دوران یا کارنر میٹنگ میں کسی قسم کے آتشیں اسلحہ کو لے جانے یا اس کی نمائش کرنے پر ضابطہ فوجداری کے تحت کاروائی کریں گے انہوںنے امیدواروں کو انتباہ کیا کہ پولنگ اسٹیشن کے 100میٹر کی حدود کے باہر تک کسی امیدوار یا اس کے پولنگ ایجنٹ کے لیے مخصوص جگہ کے علاوہ کسی جگہ پر کسی بھی قسم کا نوٹس نشان بینر اور جھنڈا آویزاں نہ کیا جائے جس سے ووٹر یا امیدوار کی حوصلہ شکنی ہوووٹروں امیدواروں پولنگ یا مجاز الیکشن ایجنٹوں کے علاوہ کسی بھی شخص کو الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمیشن ،متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر یا ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ کے بغیر پولنگ اسٹیشن یا کسی بھی بوتھ میں جانے کی قطعی اجازت نہ ہے غیر ملکی ،مقامی مبصرین اور میڈیا کے ایسے نمائندے جن کو الیکشن کمیشن یا مجاز اتھارٹی کی طرف سے اجازت نامہ جاری ہو انتخابی عمل کی کوریج کی اجازت ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( نامہ نگار ) زیرتعمیر سڑکوں پر علی الصبح پانی کا چھڑکائو شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا کیچڑمیں پھسلنے کے باعث آئے روز موٹرسائیکل سوار گرنے سے شدید زخمی تفصیل کے مطابق پیرمحل رجانہ روڈ ، صدر بازار پیرمحل کی سڑکیں جگہ جگہ ٹوٹنے کے باعث انتظامیہ نے پتھر کا خاکہ ڈال کر گڑھوں کو چھپادیا اور بلدیہ پیرمحل کی طرف سے علی الصبح ٹوٹی ہوئی سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو کردیا جاتا ہے پانی کے زیادہ چھڑکائوکے باعث سڑکیں پھسلن کا باعث بن جاتی ہے پھسلن کے باعث روزانہ موٹرسائیکل سواراور سکول آنے والے طلبہ وطالبات زخمی ہونے سمیت کپڑے خراب ہونے کے باعث پڑھائی سے محروم ہوجاتے ہیں حاجی اللہ دتہ سماجی شخصیت نے مجاز اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ علی الصبح پانی کا چھڑکائو کرنے کی بجائے دن کے کسی اوقا ت میں کیا جائے اور سڑکوں کی فی الفور تعمیر کروائی جائے تاکہ طلبہ طالبات شہری آئے روز حادثات سے بچ سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیر محل (نامہ نگار) عظیم مبلغ اسلام کی تاریخ پیدائش تعلیمی کتاب میں غلط تحریر کر دی گئی ۔تفصیل کے مطابق جمال الدین افغانی جو کہ افغانستان میں 1839ء کو پیدا ہوئے تھے جنہوں نے اپنے حسن اخلاق اور شاندار طرز زندگی سے نا صرف مذہب اسلام کو پھیلایا بلکہ لاکھوں غیر مسلم افراد بھی ان کے ہاتھوں کلمہ طیبہ پڑھ کر مسلمان ہوئے ۔جمال الدین افغانی نے اسلام کو پھیلانے کے لئے بے پناہ مشکلات کا بھی سامنا کیا مگر ساتویں جماعت کی عربی کی کتاب کے صفحہ نمبر 93پرمبینہ طورپر جمال الدین افغانی کی تاریخ پیدائش 1893ء تحریر کر دی گئی ہے ۔معروف ماہر تعلیم حاجی محمد شریف نے مذکورہ کتاب میں عظیم مبلغ اسلام جمال الدین افغانی کی کلاس ساتویں کی کتب عربی میں غلط تاریخ پیدائش تحریر کئے جانے پر حکومت وقت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیر محل (نامہ نگار) مخالفین کے حملہ سے 3افراد شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیل کے مطابق نواحی گائوں 673/14گ ب میں احاطہ کے تنازعہ پر مخالفین محمد سلیمان ،غلام ،محمد یوسف ،شکیل احمد ،محمد اعجاز ،عمر دراز وغیرہ نے ڈنڈوں اور کلہاڑیوں سے حملہ آور ہو کر محمد افتخار ،محمد زاہد اور برکت علی کو شدید زخمی کر دیا ۔مضروبین کا سول ہسپتال سے میڈیکل لیگل جاری ہونے کے بعد پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا عمل شروع کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیر محل (نامہ نگار) مخالفین کے حملہ سے باپ دو بیٹوں سمیت شدید زخمی ہو گیا ۔تفصیل کے مطابق نواحی گائوں 666/7گ ب کے رہائشی الطاف حسین نے مذکورہ گائوں کے محمد عمران وغیرہ کو شارع عام پر مبینہ طور پر لکڑیاں گرانے سے منع کیا تو مسمی محمد عمران نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حملہ آور ہو کر الطاف حسین اور اس کے بیٹوں محمد آصف اور احمد حسن پر کلہاڑیاں برسا کر انہیں شدید زخمی کر دیا ۔جن کو سول ہسپتال سے ابتدائی امداد کے بعد نازک حالت کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ریفر کر دیا گیا ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی کاآغاز کر دیا۔