وزیر داخلہ کا میڈیا ہاؤسز کو جدید ہتھیاروں کے لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ

Ch Nisar

Ch Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے میڈیا ہاؤسز کو آٹو میٹک اور جدید ہتھیاروں کے لائسنس جاری کرنے اور ایف سی کے گارڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت میڈیا ہاؤسز اور اسکولوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اسکولوں اور میڈیا ہاؤسز کے نمائندوں، پولیس حکام اور سی ڈی اے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں لیکن دہشت گرد انتہائی منظم اور تربیت یافتہ ہیں اور وہ ملک میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، حفیہ اداروں کی رپورٹس کے تبادلے سے دہشت گرد ہوشیار ہوجاتے ہیں اس لئے اب سیکیورٹی سے متعلق ضروری معلومات ہی میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی، میڈیا ہاؤسز بھی دہشت ذدہ تصاویر چھاپنے سے گریز کریں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈز کھڑے کرنے سے سیکیورٹی بہتر نہیں ہوجاتی بلکہ اس کے لئے تربیت یافتہ سیکیورٹی عملے کا ہونا ضروی ہے، پہلے مرحلے میں صرف میڈیا ہاؤسز کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر میڈیا ہاؤسز کو ایف سی کے گارڈز بھی فراہم کئے جاسکتے ہیں۔

چوہدری نثار نے مارکیٹس کی نگرانی کے لئے پولیس حکام کو تاجروں کے ساتھ مل کر مؤثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اسکولوں سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے 350 پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو رہائشی علاقوں سے فوری طور پر نہیں نکالے گا بلکہ تعلیمی اداروں کے لئے متبادل بندوبست کے بعد ہی رہائشی علاقے خالی کرائے جائیں گے۔