وزیر داخلہ محفوظ نہیں تو عوام کیسے محفوظ ہو سکتے ہیں، سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اگر وزیر داخلہ محفوظ نہیں تو عوام کیسے محفوظ ہو سکتے ہیں احسن اقبال پر حملہ خود حکومت کی نا کامی ہے۔

جماعت اسلامی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج کا فرعون بھی نوجوانوں کو غلام بنانا چاہتا ہے لیکن ہم نوجوانوں کو درست راستہ بتانا چاہتے ہیں کیوں کہ درست راستہ اسلام اور والدین کے احترام کا راستہ ہے جب کہ ہم قوم کو اللہ اور اس کے رسول کی غلامی کی طرف بلاتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ لوگوں نے اسلامی پاکستان کے لیے قربانیاں دی تھیں لیکن بد قسمتی سے ملک میں اسلام نافذ نہیں کیا گیا لیکن میں شیطانی سیاست سے پناہ چاہتا ہوں جب کہ میں چاہتا ہوں کہ میرا ووٹر جنت کا راستہ اختیار کرے کیوں کہ ہم کرپشن فری پاکستان بنانا چاہتے ہیں، آج امریکا نوجوانوں کے ذہن کو بدلنے کے لیے نصاب میں تبدیلی کی کوشش کر رہا ہے لیکن نوجوان قیادت عوام کے ساتھ ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم کراچی کو کلین اور گرین بنائیں گے، ہم نوجوانوں کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں 50 فیصد حصہ دیں گے جب کہ آج نوجوان موجودہ سسٹم سے بیزار ہیں لیکن ہم نوجوانوں کو بے روزگاری الائونس دیں گے، نوجوانوں کے لیے بلاسود قرضے دیں گے اور نوجوانوں کی شادی کے اخراجات اٹھائیں گے۔