عالمی برادری پناہ گزینوں کا بحران حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے: اقوام متحدہ

 United Nations

United Nations

اقوام متحدہ (جیوڈیسک) جنرل اسمبلی کے صدر موگینز لیک ٹاپٹ نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کے بحران کو حل کرنے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ جنرل اسمبلی کی صدارت سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ دنیا نے پناہ گزینوں کا اس طرح کے بحران کا سامنا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بحران کو حل کرنے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اس وقت شمالی اوقیانوس کے خطے میں موسم سرما کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص خواتین اور بچوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افسوسناک کہانیاں اور دل کو توڑنے والی تصاویر کے برعکس اصل صورتحال اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے تاہم عالمی برادری مربوط کوششوں کے ذریعے اس مسئلے سے نمٹ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کو عالمی مسئلہ سمجھتے ہوئے اسی کے مطابق حل کرنا ہوگا۔