حق پرست ایم این اے اقبال محمد علی خان کے فنڈز سے جامعہ ملیہ روڈ کی کارپٹنگ کا آغاز

MNA IQBAL MUHAMMAD ALI KHAN

MNA IQBAL MUHAMMAD ALI KHAN

کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے اپنے ترقیاتی فنڈز سے جامعہ ملیہ روڈکی کارپٹنگ کا آغاز کر دیا۔ علاقہ عوام کو شاہراہ کی تعمیر پر حق پرست قیادت سے اظہار تشکر طویل عرصے سے جامعہ ملیہ روڈ کی خستہ ھالی سے عوام شدید اذیت کا شکار تھے ایم این اے اقبال محمد علی خان نے علاقہ مکینوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاں اپنے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے اپنے حلقہ انتخاب میں فراہمی و نکاسی آب اور سڑکوں کی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنا یا وہیں جامعہ ملیہ روڈ کی تعمیر اور اسکی کارپٹنگ کے عمل کو مکمل کراکر عوام کے دل جیت لئے ۔حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا کہ ایم کیوایم شہر کی ترقی اور عوامی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے ہم اپنی عوام کو مسائل سے نکالنے کے لئے شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے جامعہ ملیہ روڈکی کارپٹنگ کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ایم این اے اقبال محمد علی خان نے کہاکہ شاہراہوں کی تعمیر و ترقی اور عوامی علاقائی سطح پر بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے جن اداروں کی ذمہ داری تھیں وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں اور طویل عرصے سے کراچی کی مکین اپنے علاقائی مسائل کی وجہ سے شدید اضطراب کا شکار ہیں۔

ایم این اے اقبال محمد علی خان نے کہاکہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے والوں کی راہ میں ایم کیو ایم دیوار ثابت ہوگی انہوں نے شہر اور شہریوں کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں سے کہاکہ شہر اور شہریوں کو مسائل کے دلدل میں دھکیلنے والے عوامی احتساب کے لئے تیار رہیں ۔قبل ازایں جامعہ ملیہ روڈ کی کارپٹنگ کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ایم این اے اقبال محمد علی خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے تعمیر کئے جانے والے تمام تر منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔