پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اکتوبر سے کام شروع کر دیا جائے گا، وفاقی وزیر پیٹرولیم

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اکتوبر سے کام شروع کردے گا اور آئندہ 2 سال میں پاکستان کو ایرانی قدرتی گیس ملنے لگے گی۔

وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کے تحت 30 ماہ میں مکمل کی جائے گی تاہم حکومت اس منصوبے کو 2 سال میں مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ پاکستان پاک ایران گیس منصوبے پر اکتوبر سے کام شروع کردے گا اور آئندہ 2 سال میں پاکستان کو ایرانی قدرتی گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی گیس ملک میں گیس کی کمی پر نصف فیصد تک قابو پایا جاسکے گا جب کہ گیس کے نرخوں پر ایران سے دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کو بھی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ساتھ جوڑدیا ہے اور اس منصوبے کے لیے رقم بھی مل چکی ہے جب کہ چینی تعمیراتی کمپنیاں بھی منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھی اپنے ملک میں 250 کلو میٹر پائپ لائن اسی عرصے میں مکمل کرلے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی پروگرام پر معاہدے طے پانے کے بعد ایران سے اقتصادی پابندیاں ختم ہوگئی ہیں۔