ایران کو ایٹمی طاقت نہیں بننے دینگے : امریکی نائب صدر کا اسرائیلی پارلیمنٹ میں خطاب

Mike Pence

Mike Pence

مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا کہ میرا اسرائیل اور مشرق وسطیٰ سے وعدہ ہے امریکہ ایران کو کبھی ایٹمی طاقت نہیں بننے دے گا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا 2015 میں اسرائیل کی بھرپور مخالفت کے باجود سابق امریکی صدر براک اوباما نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا لیکن موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آغاز سے ہی اس معاہدے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ نہ صرف مسلسل اس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے بلکہ دنیا بھر میں اسرائیل کے دشمنوں سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی معاونت بھی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ تباہ کن اقدام ہے لہذا امریکہ اس معاہدے کو مزید جاری نہیں رکھے گا۔

امریکی نائب صدر نے کہا ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کا معاملہ حل نہ ہوا تو امریکہ اس معاہدے سے دستبردار ہوجائے گا۔ مائیک پنس نے کہاکہ امریکہ ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روک کر اسرائیل اور مشرق وسطیٰ سے کیا وعدہ وفا کرے گا۔

دوسری جانب فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر مائیک پنس کے پارلیمان سے خطاب کے موقع پر عرب ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔احتجاج پر رکن اسمبلی ایمن عودہ کو گرفتار کر لیا گیا۔