ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو روکنے کیلئے ذوالفقار علی بھٹو کا فارمولا اپنایا جائے۔ اصغر علی

Zulfikar Ali Bhutto

Zulfikar Ali Bhutto

فیصل آباد: پاکستان پیپلز پار ٹی کے رہنما و سابق وفاقی مشیر داخلہ ملک اصغر علی قیصر، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات پی ایل بی محمد طاہر شیخ، ٹکٹ ہولڈر پی پی 69 رانا انوارالحق، یوسف بجری والانے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو روکنے کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فارمولا اپنایا جائے۔ مسلم امہ کے مسائل کا حل اسلامی سربراہی کانفرنس لاہور کے طرز پر امت مسلمہ کے اتحاد میں مضمر ہے۔

نیشنل ایکشن پلان اور کرپشن کے خلاف آپریشن کے نام پر اقتدار پر جابرانہ قبضے کی خاطر بعض لوگ پیپلزپارٹی کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ بھٹو شہید کے جیالے اپنے قائد کے 88ویں یوم پیدائش پر عہد کرتے ہیں کہ عوام اور مزدور کیلئے اٹھنے والی آواز کو ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق ہمیشہ بلند اور توانا رکھیں گے۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدور، کسان، ہاری، طالبعلموں اور معاشرے کے ہر پسے طبقے کو ان کے حق سے شناسا کیا اور عملی طور پر ان کی فلاح وبہبود کیلئے کا م کیا۔

عوام کی شہید بھٹو سے محبت تیسری نسل کے سینوں میں بھی اسی طرح ٹھاٹھیں مار رہی ہے جس طرح 1970 میں تھی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سابق وزیراعظم وبانی پاکستان پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 88ویں یوم پیدائش کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں عظیم لیڈر کی یاد دلاتا ہے۔ جس نے اسلام وپاکستان کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ کوئی مذہبی مسئلہ ہو یا سیاسی مسئلہ اسکا بہترین حل نکالا اور قوم کو متحد رکھا۔ اگر آج بھی قومی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کی پالیسیاں جاری رکھیں تو پاکستان دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔