غیر ذمہ دارانہ بیان پر مشاہد اللہ خان وزارت سے مستعفی

Mushahid Ullah Khan

Mushahid Ullah Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام عباسی سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان کے بعد مشاہد اللہ خان نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ وزیرماحولیات مشاہد اللہ خان نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس بھجوا دیا ہے۔ مشاہداللہ خان اس وقت مالدیپ میں ہیں اور انہیں فوری طور پر وطن واپس بلا لیا گیا ہے، وطن واپس آکر وہ وزیر اعظم نواز شریف کے سامنے باضابطہ طورپراپنا استعفیٰ پیش کردیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے انٹرویو میں مشاہد اللہ خان نے کہا تھا کہ گزشتہ برس تحریکِ انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے دوران آئی ایس آئی کے اس وقت کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام عباسی فوجی اور سول قیادت کو ہٹا کر ملک پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔