داعش نے ابھی پاکستان میں قدم نہیں جمائے، دفتر خارجہ

Qazi Khalilullah

Qazi Khalilullah

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے پاکستان میں قدم نہیں جمائے لیکن چند افراد انفرادی طور پر داعش کا نام استعمال کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے لئے پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے درمیان بات چیت جنوری کے وسط میں اسلام آباد میں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں داعش نے اپنے قدم نہیں جمائے۔

چند افراد انفرادی طور پر داعش کا نام استعمال کر رہے ہیں، پاکستان میں داعش سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد پکڑے گئے جن سے تفتیش جاری ہے۔ پاکستان کے سکیورٹی ادارے داعش کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایجنسیوں پر ماضی میں بھی الزامات ثابت نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیکرٹری سطح کے مذاکرات کے لئے تاریخ کا تعین جلد ہو جائے گا، بھارت کے ساتھ سیکرٹری سطح کے مذاکرات میں تمام معاملات پر بات ہوگی۔