اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

Earthquake

Earthquake

اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلے کے بعد خوف و ہراس کے باعث لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔ زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جب کہ زمین میں اس کی گہرائی 230 کلومیٹر اور اس کا مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

خیبر پختونخوا کے جن شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں پشاور، سوات، شانگلہ، دیر، اٹک اور کوہاٹ شامل ہیں جب کہ کرم اور مہمند ایجنسی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر، استور، غذر اور ہنگو میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

پنجاب کے جن شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں میانوالی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، چنیوٹ، ، جہلم، بالا کوٹ، چکوال اور اٹک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے علاقوں میر پور، کوٹلی اور مظفر آباد شامل ہیں۔