اسلام آباد کی ترقی کیلئے مقامی حکومت سے تعاون کریں گے: نواز شریف

Nawaz Sharif and Mayor Sheikh Ansar Aziz Meet

Nawaz Sharif and Mayor Sheikh Ansar Aziz Meet

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی حیثیت سے اسلام آباد خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔ شہر کی ترقی کیلئے مقامی حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم نواز شریف سے کی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کا پہلا میئر بننے پر شیخ انصر عزیز کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ شیخ انصر کی قیادت میں اسلام آباد کے بلدیاتی نمائندے شہر کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

اس ضمن میں وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی ۔ شہر کے دیہی اور شہری علاقے کے رہائشیوں کو بنیادی سہولیات کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کیلئے سہولیات میں اضافہ کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دارالحکومت ہونے کی حیثیت سے اسلام آباد خصوصی توجہ کا متقاضی ہے مگر بدقسمتی سے ماضی میں اس شہر کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔ شیخ انصر عزیز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ویژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں جدید اور ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔