اسلام آباد میں دھند کا راج، مزید تین دن رہنے کا امکان

Islamabad Fog

Islamabad Fog

اسلام آباد (جیوڈیسک) دارالحکومت اسلام آباد میں دھند کا راج برقرار ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ دھند ابھی مزید تین چار دن جانے کو نہیں۔ شہر اقتدار کے دھند میں لپٹے خواب ناک مناظر نظر آ رہے ہیں۔

کئی دن گزر چکے شہر اقتدار دھند کی دبیر چادر میں لپٹا ہے۔ تا حد نگاہ ہر سو دھند ہی دھند ہے، پیڑ پودوں، پھول پتوں، غرض ہر شے سرمئی دھوئیں کے پردے میں ہے اور تو اور آسمان بھی چھپا بیٹھا ہے۔

اسلام آباد میں حد نگاہ 50 میٹر ہے۔ گزشتہ پانچ روز سے چھائی دھند نے اسلام آباد کے نظاروں کو انوکھا روپ تو بخشا، سردی بھی بڑھ گئی۔

سردی ہے تو کیا ہوا، شہری بھی گھروں میں بیٹھے کو تیار نہیں اور دھند لکے نظاروں کا لطف اٹھانے گھروں سے نکل آئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بہت اچھا نظارہ ہے، بہت ٹھنڈ ہے، لگتا ہے کہ مری میں گھوم رہے ہیں، یہ دھند نقصان دہ بھی ہے، اسی سے آگاہی کے لئے بچوں کو یہاں لے کر آئے ہیں، ہر طرف دھند ہی دھند ہے دل چاہتا ہے یہیں رہ جائیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھند کےراج کےباعث بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثرہوا۔ 35 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، 8 منسوخ کر دی گئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند ابھی مزید تین چار دن ڈیرے ڈالے رکھے گی۔