خیبرپختونخوا کیلئے نگران وزیراعلی منظور آفریدی کے نام پر اتفاق

Manzoor Afridi

Manzoor Afridi

پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا میں حکومت اور اپوزیشن نگران وزیراعلیٰ کیلئے منظور آفریدی کے نام پر متفق ہوگئے، منظور آفریدی پی ٹی آئی کے سینیٹر ایوب آفریدی کے بھائی ہیں اور جے یو آئی کے سینیٹ انتخابات میں امیدوار بھی رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن لیڈر کے مابین گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے منظور آفریدی کا نام فائنل کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور قائد حزب اختلاف مولانا لطف الرحمان کے مابین ملاقات میں منظور آفریدی کا نام جے یو آئی کی جانب سے پیش کیا گیا۔ منظور آفریدی پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ایوب آفریدی کے بھائی ہیں جبکہ ان کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے رہا ہے اور وہ گزشتہ سینیٹ انتخابات میں جے یو آئی کے امیدوار بھی تھے۔

نگران وزیراعلیٰ کیلئے جے یو آئی کی جانب سے جسٹس (ر) دوست محمد کا نام بھی دیا گیا تھا تاہم وزیراعلیٰ نے منظور آفریدی کے نام پر اتفاق رائے کیا۔ نگران وزیراعلیٰ کیلئے جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی پارٹی کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں کو نظر انداز کر دیا گیا۔

دوسری طرف پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز وزیراعلی پنجاب اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاملہ سوموار تک حل کر لیا جائے گا۔

سندھ میں نگراں وزیراعلی کی تقرری کیلئے مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر میں تاحال فیصلہ نہ ہوسکا۔ اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا فیصلہ خود کر لینا چاہیئے بجائے الیکشن کمیشن کرے۔

ادھر بلوچستان میں بھی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کیلئے ملاقات کا دوسرا راؤنڈ 4 ناموں کی تجویز پر ختم ہوا، حکومت کی جانب سے 3 جبکہ اپوزیشن نے 1 نام شارٹ لسٹ کیا۔