اسلام آباد: سکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

Weapons

Weapons

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی۔ بھاری مقدار میں اسلحہ اور ہزاروں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ اسلحہ فاٹا سے آنے والے شرپسندوں کو مختلف وارداتوں کے لیے کرائے پر دیا جاتا ہے۔

رینجرز، پولیس اور حساس اداروں نے اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن وقاص کی سربراہی میں اسلام آباد کے علاقے فراش ٹاون میں ایک دکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں ناجائز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ اسلحے میں 78 بندوقیں، 3 ہزار گولیاں، 3 خنجر اورجدید دوربین شامل ہیں۔ کارروائی میں 3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں کو ملنے والی معلومات کے مطابق یہ اسلحہ فاٹا سے آنے والے اور دیگر ملزمان کو راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں وارداتوں کے لیے کرائے پر دیا جاتا تھا۔ گرفتار افراد سے تحقیقات میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔