اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 33 رنز سے شکست دے دی

Islamabad United

Islamabad United

شارجہ (جیوڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے 186 رنز کا بڑا ہدف، ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19.1اوور میں 152 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان سپر لیگ تھری کے پچیسویں میچ میں اسلام آباد یو نائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 33 رنز سے شکست دے دی۔ 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم دونوں اوپنرز لمبی اننگز نہ کھیل سکے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے گیند بازوں نے اسلام آباد کے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کو جلد ہی پولین واپس بھیج دیا۔

سلطانز کی جانب سے پولارڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور یونائیٹڈ کے باؤلرز کو میدان کے چاروں اطراف شارٹس لگائیں، لیکن پولارڈ کی برق رفتار اننگز بھی ملتان سلطانز کوشکست سے نہ بچا سکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمت پٹیل، عماد بٹ، شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونچی اور جے پی ڈومنی نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ تاہم 46 کے مجموعی سکور پر جے پی ڈومنی آؤٹ ہوگے۔ لیوک رونچی نے یونائیٹڈ کی جانب 36 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمر گل نے 2 جبکہ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے اپنی ٹیم میں دو دو تبدیلیاں کی تھیں۔ اسلام آباد کی ٹیم میں انگلینڈ سے آئے ایلکس ہیلز اور عماد بٹ کو شامل کیا گیا جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں روس وائٹلی اور عمر گل کو شامل کیا گیا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کے 9 پوائنٹس ہیں اور سلطانز نے اپنے گروپ مرحلے کے تمام میچز کھیل لیے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل میں پہلے نمبر پر ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے گروپ میچز کا آخری مرحلہ شارجہ میں جاری ہے۔