جماعت اسلامی معاشرے کے اندر خدمت کا عنوان بن چکی ہے، محمد یوسف

Jamaat Islami

Jamaat Islami

کراچی (پ ر) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ اپنی خوشیاں قربان کرکے دکھی انسانیت کی خدمت جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے۔ کارکنان مبارک باد کے مستحق ہے کہ خود غرضی کے اس ماحول کے اندر اپنی خوشیاں قربان کرکے اس پورے عمل میں شریک رہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد عبدالعزیز سیکٹر 11-A ، نارتھ کراچی میںچرم قربانی مہم میں حصہ لینے والے کارکنان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی فیصل جمیل اور ناظم حلقہ توقیر احمد خان بھی موجود تھے۔ محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاریخ قیام پاکستان کی جدوجہد سے تحفظ پاکستان کی جدوجہد تک مسلسل قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور آج بھی پاکستان کی سا لمیت اور بقاء کے لئے جماعت اسلامی کے کارکنان ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ جماعت اسلامی لوگوں کو اللہ رب العالمین کی بندگی کی طرف بلانے کے فریضے کی انجام دہی کے لئے کوشاں ہے۔ جماعت اسلامی معاشرے کے اندر خدمت کا عنوان بن چکی ہے۔ جماعت اسلامی کا فلاحی ادارہ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے اندر پسے ہوئے طبقات میں خوشی کا سامان فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے راستے میں نکلنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے، الخدمت نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور ثابت کیا ہے کہ دیانت دار، بے لوث قیادت ہی عوام کے مسائل کا حل رکھتی ہے۔ کارکنان جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ عوام کو بتائیں کہ جماعت اسلامی نے شہر کراچی میں سیاست، خدمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔