اسلامی تعلیمات پر عمل سے ہی تشدد اور عدم برداشت کا خاتمہ ممکن ہے، شہیر سیالوی

Shaheer Sialvi

Shaheer Sialvi

اسلام آباد : صدر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ شہیرسیالوی نے کہا کہ تحمل و بردباری اسلام کا اولین درس ہے، اسلامی تعلیمات پر عمل سے ہی تشدد اور عدم برداشت کا خاتمہ ممکن ہے،معمولی تکرار پر قتل کی وارداتوں کا افسوسناک حدتک اضافہ لمحہ فکریہ ہے، عدم برداشت اور رواداری کا فقدان قومی وجود کیلئے خطرہ ہے،اسلام نے دنیا سے عدم برداشت وتشدد کا خاتمہ کیاہے مگر افسوس آج اسلامی تعلیمات سے دوری کے باعث مسلمان ہی اس مرض میں مبتلا دیکھائی دے رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صدر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ شہیرسیالو ی نے کہاکہ معاشرے میں انصاف کی عدم فراہمی لوٹ کھسوٹ،مہنگائی بے روزگاری عدم برداشت اور رواداری کے فقدان کی بڑی وجوہات ہیں،اس کے ساتھ اسلام سے دوری نے مسلمانوں سے صبرو شکر کو بھی چھین لیاہے، اللہ تعالیٰ کے نبیۖ پر کتنی مشقتیں آئیں کتنی ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر آپۖ نے صبر وشکر کی عظیم مثالیں قائم کرکے امت کو بردباری اور برداشت کا درس دیاآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی امت کیلئے بہترین نمونہ ہے،انہوں نے کہاکہ معاشرتی اتحاد و اتفاق کیلئے رواداری کا فروغ ضروری ہے، جو اسلامی تعلیمات پر عمل سے ہی ممکن ہو گا۔

اسلام انسانیت کو جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے جہاں اسلام نے آداب عبادات پر توجہ دی ہے وہاں پر آداب معاشرت کے سنہرے اصول بھی سکھائے ہیں ہمیں اپنے اپنے معاشرے میں ان اصولوں کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نے انصار اور مہاجرین میں بھائی چارگی کا رشتہ قائم کرکے رہتی دنیا کیلئے تعلیم دی کہ مسلمانوں کی ترقی کا راز بھائی چارگی و اخوت کے رشتے میں ہے،انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں معمولی تکرار کی بنا پر قتل میں اضافہ کی خبرین اخبارات کی زینت بن رہی ہیں جو افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواداری و برداشت کی کمی ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کر رہی ہے۔