آئی ایس او کا حکومت سے یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ

Lahore

Lahore

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدرسرفراز نقوی نے لاہور پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ المبارک کو بافرمان امام خمینی یوم القدس منایا جاتا ہے، لہذا ہر سال کی طرح رواں سال بھی پاکستان میں آئی ایس او ،دیگر ملی تنظیموں جن میں مجلس وحدت مسلمین ،امامیہ آرگنائزیشن ،علماء امامیہ اور علماء مدارس جعفریہ مجلس وحدت مسلمین ،امامیہ آرگنائزیشن شامل ہیں کے تعاون سے بھر پور انداز میں یوم القد س منا کر قدس کی آزادی کو تحریک جلا بخشیں گے ۔ یوم القد س 25رمضان المبارک بتاریخ یکم جولائی بروز جمعہ منایا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے اور کانفرنسز کی تیاری مکمل کی جاچکی ہے، ملک کے بڑے شہروں جن میں اسلام آباد، لاہور، حیدر آباد کوئٹہ کراچی سکھر، راولپنڈی، گلگت بلتستان ، پشاور میں آزادی قدس ریلیا ں نکالی جائیں گی، جبکہ لاہور میں مرکزی القدس ریلی اسلام پورہ سے نکالی جائے گی اور اختتام اسمبلی ہال پر ہوگا جہاں پر مرکزی خطابات کئے جائیں گے،ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام ، طلبہ تنظیموں کے نمائندگان اور سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک ہوکر بیت المقد س کی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے سرفرا زنقوی نے کہا کہ ہمیں خدا کی ذات پر مصمم یقین ہے کہ انشااللہ مظلوم فلسطینیوں کی داد رسی کیلئے یہ احتجاجات غزہ کی آزادی کی نوید لائیں گے اور غزہ کا محاصرہ ختم ہوگا، یہی روز ایک دن تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا اور بیت المقدس صیہونیوں کے پنجے سے آزاد ہوگا۔ یوم القدس حق و باطل کے درمیان جدائی کا دن ہے، 56 ممالک کے ڈیڑھ ارب مسلم جسد واحد کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا شرعی وظیفہ ادا کریں اور مظلومین کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اہمیت و صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے یوم القدس کو اسلام کی نشاط ثانیہ کے لیے سنگ میل کے طور پر منانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی نے کہاآئی ایس او یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کرتی ہے دنیا کی تیسری بڑی القدس یعنی حمایت فلسطین ریلی کے انعقاد کروانے کا امتیاز پاکستان کو حاصل ہے اور انشااللہ یہ اعزاز باقی رہے گا، یوم القدس انشااللہ روز فتح مبین ہوگا، آئی ایس او پاکستان دنیا میں جہاں بھی مستضعفین ہیں، ان کی حامی اور ظالمین کے خلاف برسرپیکار ہے۔ پریس کانفرنس میں علامہ اسد نقوی صاحب علامہ محمد خان مہدوی ،مدارس جعفریہ اور علی کاظمی ڈویژنل صدر لاہور میثم جعفری ،اور نثار کاظمی مرکزی رہنماء آئی ایس او شامل تھے۔