اٹلی : برلن ٹرک حملے کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

Anis Amri

Anis Amri

اٹلی (جیوڈیسک) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کرسمس مارکیٹ میں ہونے والے ٹرک حملے کے مشتبہ تیونسی ملزم کو ہلاک کر دیا گیا۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامری کی ہلاکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ ملزم کی انگلیوں کے نشان سے اس کی شناخت کی گئی۔

24سالہ تیونسی شہری انیس عامری کی کار کو پولیس نے معمول کے چیک اپ کے دوران شناخت کے لیے روکا تو اس نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ملزم کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ واقعہ آج صبح 3بجے کے قریب پیش آیا۔

یاد رہے کہ ملزم نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع کرسمس مارکیٹ میں ٹرک کے ذریعے حملہ کر کے 12 افراد کو ہلاک اور 48 کو زخمی کردیا تھا۔

حملے کے شبے میں ایک 23 سالہ پاکستانی نژاد شخص کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جو کہ گذشتہ سال دسمبر میں جرمنی آیا تھا اور پناہ کا خواہشمند تھا جسے بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا۔