امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کی ڈی آئی جی سے ملاقات

19 کراچی : امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان کی قیادت میں وفد جس میں نائب امیر ضلع وسطی خالد صدیقی، یونین کمیٹی 26سمن آباد سے چیئرمین کے امیدوار سجاد حیدر دارا اور پبلک ایڈ کمیٹی ضلع وسطی کے صدر صغیر احمد شامل تھے نے ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں الیکشن مہم کے دوران جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کو ملنے والی دھمکیوں اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان نے اس موقع پر کہا کہ ضابطہ اخلاق میں طے ہوا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو آزادانہ ماحول میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی لیکن اس کے برخلاف جماعت اسلامی کی انتخابی سرگرمیوں میں شرپسند عناصر کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں اور ہمارے کارکنان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے ڈی آئی جی فیروز شاہ کو بتایا کہ لیاقت آباد کے علاقے قاسم آباد اور ڈاکخانہ چورنگی پر جماعت اسلامی کی انتخابی مہم کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور اس کے علاوہ ہمارے کارکنوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ منعم ظفر خان نے گفتگو میں کہا کراچی میں پر امن انتخابات کا انعقاد قانون نافذ کرنے والوں کی اہم ذمہ داری ہے کیونکہ کراچی کی بقا پرامن و شفاف انتخابات میں ہے۔ وفد نے ڈی آئی جی سے مطالبہ کیا اس طرح کی کاروائیاں کرنے والے شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے اور ہمارے امیدواروں اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

Ji Ameer Munem Zafar Khan And DIG Firoz Shah Met

Ji Ameer Munem Zafar Khan And DIG Firoz Shah Met