جماعت اسلامی خدمت کے کام کو دین کا کام، آخرت سنوارنے اور حالات کو بدلنے کا کام سمجھتی ہے، محمد یوسف

Workers Convention

Workers Convention

کراچی : جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی خدمت کے کام کو دین کا کام، آخرت کو سنوارنے اور حالات کو بدلنے کا کام سمجھتی ہے اور خدمت اور حالات بدلنے کی یہ جدوجہد ہم جاری رکھیں گے۔ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد اس کے حقوق دلوائے گی اور تمام شہری اداروں کو شہری حکومت کے ماتحت لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی گجرو گڈاپ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیدوار برائے چیئرمین یونین کمیٹی گجرو عبدالستار برفت، وائس چیئرمین حاجی طور خان، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام نے دیکھا ہے کہ ماضی میں نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کے دور میں کس طرح عوام کی خدمت کی گئی ان کے ادوار کراچی کی تاریخ کے سنہری ادوار ہیں۔ 5 دسمبر کا دن ایک بار پھر کراچی میں جماعت اسلامی اور اس کے اتحادیوں کی کامیابی کا دن ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مچھر کالونی میں جماعت اسلامی نے عوام کی طاقت کے ذریعے شہریوں پر ظلم کرنے والوں کا محاسبہ کرکے انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔ جماعت اسلامی ہر محاذ پر عوامی ایشوز کو حل کرنے کے لئے جدوجہد کرے گی۔

لاشوں کی سیاست کرنے والوں نے 25سالوں سے کراچی کے عوام اور تاجروں کا جینا مشکل بنا دیا ہے جب ہم کراچی میں حق اور باطل کے معرکے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کراچی کو تاریکیوں میں دھکیلنے والوں سے مقابلہ ہے شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے والوں کا ۔کراچی کے عوام کو ایک بار پھر موقع مل رہا ہے کہ وہ کراچی میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔