جماعت اسلامی کا سفر بڑا تابناک اور تاریخی سفر ہے، ڈاکٹر واسع شاکر

New Karachi Ijtamaa

New Karachi Ijtamaa

کراچی : نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ جماعت اسلامی کا سفر بڑا تابناک اور تاریخی سفر ہے، اس کو اسمبلیوں کی سیٹوں سے نہیں جانچا جانا چاہئے بلکہ دین کی دعوت کے فروغ اور اثر ونفوذ کی جدوجہد اور لوگوں کے ذہن کو تبدیل کرنے کے حوالے سے ایک مسلسل تحریک ہے جو جاری ہے ۔ جماعت اسلامی آج بھی ایک ترو تازہ جماعت اور قوت کی حیثیت سے زندہ ہے اور اسے کوئی نظرانداز نہیں کرسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نیو کراچی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد کی ہے اور دستوری جدوجہد میں جماعت اسلامی کا کردار بہت اہم ہے، عوام کے مسائل حل کرنے اور عوامی حقوق کے حق میں آواز اٹھانے میں جماعت اسلامی ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ کراچی گذشتہ 28سال سے بدترین شہری جاگیرداری کا شکار رہا ہے جس نے شہر کو برباد کیا ہے اور عوام کو یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے۔آج جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ان حالات سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔

ڈاکٹر واسع شاکر نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ عوام سے زیادہ سے زیادہ رابطہ رکھیں، عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کے لئے ان کی ہر ممکن مدد کریں، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیں بالخصوص نوجوانوں سے رابطہ اور تعلق کو مضبوط بنائیں، نوجوان ملک اور قوم کا سرمایہ اور مستقبل ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں ڈالنے اور ان کی بہتر تعلیم وتربیت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروگرامات اور سرگرمیوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے امیر زون نیو کراچی محمد احمد قاری نے کہا کہ بحرانوں میں پھنسی ملک کی کشتی کو صرف جماعت اسلامی بھنو ر سے نکال سکتی ہے۔

ترکی، مراکش اور الجزائر سمیت بہت سے اسلامی ممالک کے عوام نے وہاں کی اسلامی تحریکوں پر اعتماد کیا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے عوام بھی ہماری تائید کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اقتدار صرف امریکی ایما اور خوشنودی سے مل سکتاہے ہم ایسے اقتدار پر لعنت بھیجتے ہیں۔ ہم انشاء اللہ عوامی قوت سے اقتدار میں آئیں گے۔